مکہ مکرمہ ۔30اپریل (اے پی پی):مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی امور کی نگران کمیٹی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عمارتوں اورمکانوں کے پرمٹ جاری کرانے کے لیے درخواستیں رواں ماہ کے آخرتک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔سبق نیوز کے مطابق حجاج کے رہائشی امور کی نگران کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عمارتیں مقررہ معیار کی ہونا ضروری ہیں جن کی تصدیق مکہ بلدیہ اورشہری دفاع کے منظورشدہ کنسلٹنگ انجینئرنگ فرمز سے کرائی جائے۔
رہائشی امورکی کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کی رہائش کےلیے جوعمارتیں فراہم کی جائیں گی ان کے لیے بنیادی شرائط متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں جن میں حفاظتی امورکومقدم رکھا گیا ہے۔
متعلقہ منظورشدہ انجینئرنگ فرمز کے نمائندے عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد فراہم کی گئی سہولتوں اورمعیار کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے جن کی بنیاد پرعمارتوں کے پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔واضح رہے ’اسکان حجاج کمیٹی‘ کی جانب سے حجاج کے لیے عمارتوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں اسی حوالے سے پرمٹ کے اجرا کے لیے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔