حجاج کی وطن واپسی کا آپریشن شروع، پی آئی اے کی پہلی پرواز 307حاجیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی

22

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کی وطن واپسی کا آپریشن شروع ہوگیا ہے، قومی ایئر لائن کی پہلی پرواز 307حاجیوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے۔ 732 حجاج کرام کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی ، ہوائی اڈے پر وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ افسران نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ حج پرواز منگل اور بدھ کی درمیانی شب 3 بج کر 12 منٹ پر اسلام آباد پہنچی۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر حج بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حج کے دوران حکومت پاکستان نے حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔ سعودی حکومت نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حجاج کو قابل ستائش سہولیات مہیا کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ سال اس سے بھی بہتر انتظامات کرے گی کیونکہ اس اہم مذہبی فریضے کی ادائیگی کےلئے عازمین کو ہر ممکن مدد اور سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

حاجیوں کے استقبال کےلئے موجود ایئر پورٹ مینجر آفتاب گیلانی نے بتایا کہ پوسٹ حج آپریشن 10 جولائی تک جاری رہے گا۔حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے وطن واپسی کی پروازیں ایک ہفتے بعد شروع ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ حج آپریشن کےلئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تمام انتظامات مکمل ہیں،توقع ہے کہ حجاج کرام کو وطن واپسی پر ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔