32.1 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومقومی خبریںحجاز مقدس میں پاکستانی عازمین کیلئے وزارت مذہبی امور نے بہترین انتظامات...

حجاز مقدس میں پاکستانی عازمین کیلئے وزارت مذہبی امور نے بہترین انتظامات کئے ہیں، سردار محمد یوسف کی پریس کانفرنس

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج انتظامات کے حوالہ سے جو شکایات آ رہی ہیں ان کا ازالہ کیا جا رہا ہے، حجاز مقدس میں پاکستانی عازمین کیلئے وزارت مذہبی امور نے بہترین انتظامات کئے ہیں، کھانا فراہم کرنے والی جس کمپنی نے صحیح کام نہ کیا اس کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا، نجی سکیم کے جو حاجی رہ گئے ہیں وہ اب نہیں جائیں گے، وزارت مذہبی امور کوئی مزید حج کوٹہ نہیں دے رہی، وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ میں جس کی کوتاہی ثابت ہوئی اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج پالیسی نومبر میں منظور ہوئی، اب تک اس پر عملدرآمد مجھ سے پہلے ہوا ہے، مارچ میں وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد حج انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دو مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کیا، حج پالیسی کے تحت پاکستان کا کوٹہ 50 فیصد سرکاری اور 50 فیصد پرائیویٹ سکیم میں تقسیم کیا گیا، سرکاری سکیم کا کوٹہ مکمل کر لیا گیا جبکہ پرائیویٹ سکیم میں ایچ جی اوز اور منظمہ اس پر عملدرآمد نہیں کر سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سعودی تعلیمات میں وہ مکمل شریک تھے مگر انہوں نے اس معاملہ پر تاخیر کی، وہ کمپنیز کے تحت آر ایل مانگتے رہے حالانکہ 2024ء میں طے ہوا تھا کہ 500 کا کلسٹر ہو گا جس کمپنی کے پاس 2000 کا عدد ہو گا اس کو سہولت فراہم کی جائے گی، 904 کمپنیوں نے اس کلسٹر کو پورا کیا۔ ہوپ (نجی ٹور آپریٹرز کی تنظیم) ان 41 کلسٹرز کو آگے بڑھاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 فروری کی ڈیڈ لائن تھی، مشاعر کدانہ میں 25 فیصد رقوم صرف 3 ہزار 600 کی جمع ہوئیں، پھر ایک ہفتہ کی توسیع دی گئی مگر پھر بھی 10 ہزار 600 کی رقوم جمع ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی یہ پالیسی پوری دنیا کیلئے تھی مگر اس کے باوجود ہم نے درخواست کی، وزیراعظم نے بھی اس کا نوٹس لیا اور وزیر خارجہ کی درخواست پر سعودی حکومت نے پاکستان کے کوٹہ میں 10 ہزار کا اضافہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کے تحت 25 ہزار 698 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے، بعض ٹور آپریٹرز کہتے ہیں کہ انہیں ڈیڈ لائن کا نہیں بتایا گیا حالانکہ وزارت مذہبی امور نے انہیں متعدد بار خطوط لکھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے رہ جانے والے عازمین کے معاملہ پر کمیٹی بنا دی ہے، تحقیقاتی کمیٹی جو رپورٹ دے گی اس کے تحت ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے اور سرکاری سکیم کے عازمین سے خود مسائل معلوم کئے ہیں، وزارت نے بہترین انتظامات کئے ہیں، کھانے، ٹرانسپورٹ اور رہائش سب کچھ اچھا چل رہا ہے، اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو وہاں پر وزات کے عملے سے رجوع کرے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت عزیزیہ میں رہائش پذیر عازمین کے لئے ٹرانسپورٹ کا مناسب انتظام موجود ہے، سرکاری سکیم کے عازمین 8 سے 9 سیکٹروں میں رہائش پذیر ہیں، حج معاونین حاجیوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، 31 مئی کو آخری حج پرواز حجاز مقدس روانہ ہوگی۔

عازمین حج کی ٹرانسپورٹ اور کھانے کی شکایات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو شکایات آئی ہیں انہیں دور کریں گے، جس کمپنی نے صحیح کھانا نہ دیا اسے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا، ٹرانسپورٹ کے کچھ مسائل سامنے آئے تھے وہ دور کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی دیکھیں گے کہ سعودی حکومت کی طرف سے بلیک لسٹ کمپنی کو کیسے ٹھیکہ دیا گیا۔

سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے کہا کہ حاجی اپنے 34 ریال واپس لے کر اپنی مرضی سے کہیں سے بھی کھانا کھا سکتے ہیں، مگر ابھی تک کسی بھی حاجی نے یہ آپشن استعمال نہیں کیا۔ سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ نجی ٹور آپریٹرز کی رقوم غلط سرکاری اکاؤنٹ میں منتقل ہوئیں جس سے بکنگ تاخیر کا شکار ہوئی۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے واضح کیا کہ حکومت کوئی مزید حج کوٹہ نہیں دے رہی، نجی سکیم کے جو عازمین رہ گئے ہیں وہ اب نہیں جا سکیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600671

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں