حج آپریشن،پی آئی اےکی پہلی پرواز 6 جون کو 329 مسافروں کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گی

130

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):حج آپریشن کے سلسلے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز 6 جون کو 329 مسافروں کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گی ۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پی آئی اے اپنا حج آپریشن 6 جون سے شروع کرے گا جس کے تحت پہلی حج پرواز 329 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے صبح 4 بجے مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔

پی آئی اے سرکاری حج سکیم کے تحت 15 ہزار عازمین حج کو لے کر جائے گی جبکہ پرائیوٹ آپریٹرز کے تحت 18 ہزار حجاج کرام پی آئی اے کا انتخاب کریں گے ۔ قبل از حج کی پروازیں 6 جون سے 3 جولائی تک آپریٹ ہوں گی جبکہ بعد از حج پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی یہ آپریشن 13 اگست تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے کا کل حج آپریشن 331 پروازوں پر مشتمل ہوگا تمام پروازیں 5 بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی ، لاہور ، ملتان اور کوئٹہ سےعازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔

وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر سی ای او پی آئی اے آپریشن کی خود نگرانی کریں گے۔ وزیر ہوابازی نے آپریشن کو حجاج کرام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ پی آئی اے کا عملہ مستعد رہے اور حجاج کرام کی خدمت قومی اور مذہبی فریضہ سمجھ کر سر انجام دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔