ٰٖفیصل آباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):حکومت اس بار اپنے عازمین حج کو مناسک حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس میں پہلے سے بہت بہتراور انتہائی اعلیٰ معیار کی سفری اور قیام و طعام کی سہولیات بہم پہنچائے گی جس کیلئے تمام وسائل واقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ حج کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ اس بار حج انتظامات کو مثالی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ہمارے عازمین انتہائی سکون کے ساتھ خوشگوار ماحول میں مقدس فریضہ کی سرانجام دہی کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ حج کیلئے عازم سفر ہونے والے زائرین کو ہر طرح کی سہولیات اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم تمام اداروں،ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ،میونسپل کارپوریشن،محکمہ بلڈنگ،محکمہ پولیس،محکمہ واسا،محکمہ پی ایف جے،سول ڈیفنس،فیسکو،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،الائیڈ ہسپتال سمیت متعلقہ محکموں کی خدمات حاصل کر رہے ہیں تاکہ حاجیوں کو کسی بھی وقت کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کے پیش نظر محکمہ پولیس تین شفٹوں میں اپنے فرائض سر انجام دے گاجبکہ اس کے علاوہ حاجی کیمپ میں پارکنگ کابھی بہترین انتظام کیا گیا ہے تاکہ مین روڈ پر ٹریفک کی روانی میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ ہر وقت حاجی کیمپ میں موجود ہو گاجبکہ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی، صاف واش رومز،پینے کے صاف پانی کے وسیع انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587634