مکہ مکرمہ۔21جون (اے پی پی):حج مشن 2022کے تحت مکہ مکرمہ میں قائم گمشدہ سامان کی بازیابی کے لئےقائم شکایات سیل کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر ابرار حسین نے کہا ہے کہ سیل عازمین کی شکایات کے ازالے کے لئے پوری تندہی سے کام کر رہا ہے ۔
شکایات سیل کو اب تک 133عمومی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 85 شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ باقی شکایات پر کام جاری ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ اشیا کی گمشدگی کی 140 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 120 سے زائد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے جبکہ باقی شکایات کے ازالے کیلئے کام جاری ہے ۔
ابرار حسین کا کہنا تھا کہ بعض شکایات کے ازالے میں ہمیں پالیسی امور کی وجہ سے تاخیر کا سامنا ہے اس کیلئے ہم نے حکام بالا کو آگاہ کردیا ہے اور کوشش ہے کہ تمام شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہوسکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیل کو درجنوں گمشدہ اشیا ملی ہیں جوں ہی مالک کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی یہ ان کے حوالے کر دی جائے گی ۔