ریاض ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) سعودی سرکاری رکاری گزٹ ”ام القریٰ” نے اتوار کے شمارے میں حج، عمرہ، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزوں کی 300 ریال فیس مقرر کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ام القریٰ سرکاری گزٹ نے وزٹ، حج اور عمرہ ویزوں کی تنظیم نو کی تفصیلات جاری کردیں ہیں۔ سنگل انٹری وزٹ ویزے پر وہ عمرے، سیاحت یا کاروبار یا رشتہ داروں یا دوستوں سے ملاقات یا کسی اور عنوان سے لیا گیا ہو 300 ریال فیس لی جائے گی۔ اس ویزے پر آنے والا سعودی عرب میں ایک ماہ تک قیام کرسکے گا۔ ویزہ جاری ہونے کے اندر 3 ماہ تک اسے استعمال کیا جاسکے گا۔ یہی ویزہ ملٹی پل لینے کی صورت میں ایک سال تک استعمال کیا جاسکے گا۔ قیام کی مدت 3ماہ ہوگی اور فیس 300 ریال ہی رہے گی۔حج ویزے پر فیس 300 ریال مقرر کی گئی ہے۔ اس ویزے پر حج سیزن میں قیام کی اجازت ہوگی۔ فضائی یا سمندری یا بری راستے سے ٹرانزٹ ویزے کی فیس بھی 300 ریال ہے۔ اس پر 96 گھنٹے تک قیام کیا جاسکے گا۔ اسے استعمال کرنے کی مدت 96 گھنٹے ہی رکھی گئی ہے۔سعودی ویژن 2030 کے مطابق 2030ء تک 30 ملین افراد کو عمرہ ویزے جاری کرنے کا ٹارگٹ ہے۔ اسی تناظر میں فیسوں میں ترامیم کی گئی ہیں۔