حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں مزید بہتری آئے گی، انیق احمد

164
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ حج انتظامات کا بغور جائزہ لے کر مزید بہتری لائی جائے گی ، حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں مزید بہتری آئے گی۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت مذہبی امور میں حج انتظامات پر ڈی بریفنگ سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے سینئر حکام نے شرکت کی اور وفاقی وزیر کو حج 2023 کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دی۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ حج 2023 کے انتظامات ہر لحاظ سے مثالی رہے، سخت موسم اور رش کے باوجود تمام فریقین کی طرف سے حج انتظامات کی تعریف کی گئی ہے۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ حج اخراجات میں بچت کی رقوم حجاج کرام کو واپس کی گئی ہیں، تاریخ میں پہلی بار 12 ارب روپے حجاج کو واپس کئے گئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لانگ ٹرم حج پالیسی لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اجلاس میں حج 2024 کیلئے درخواستیں جلد طلب کرنے پر بھی غور کیا گیا اور آئندہ سالوں کیلئے عازمین حج کو اقساط میں رقم جمع کرانے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔