حج کے مناسک مکمل کرنے کے بعد 38,206 پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے ، پوسٹ حج مرحلہ کاباقاعدہ آغاز

6

مدینہ منورہ۔28جون (اے پی پی):حج کے مناسک مکمل کرنے کے بعد 38,206 پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں، جہاں پوسٹ حج مرحلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ اس مرحلے کی نگرانی پاکستان حج مشن مدینہ کی جانب سے قائم کردہ نئے مین کنٹرول آفس (ایم سی او) کے تحت کی جا رہی ہے۔ مین کنٹرول آفس، جو ڈائریکٹر حج مدینہ ضیا الرحمن کی ہدایت پر کوآرڈینیٹر مدینہ صاحبزادہ کی نگرانی میں قائم کیا گیا، مکمل طور پر فعال ہے۔ اس آفس کا قیام مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ آنے والے عازمین کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں آیا ہے تاکہ وطن واپسی سے قبل تمام امور بخوبی انجام دیے جا سکیں۔

صاحبزادہ کے مطابق ایم سی او میں شعبہ گمشدگی و بازیابی سیل، شکایات سیل، ایئرپورٹ ٹیم اور دیگر معاون شعبہ جات دو شفٹوں میں چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ آفس حجاج کرام کے رہائش، کھانے، نقل و حمل اور دیگر انتظامی ضروریات کی بھرپور نگرانی کر رہا ہے۔اب تک 21,700 پاکستانی حجاج مدینہ منورہ سے وطن روانہ ہو چکے ہیں جبکہ باقی عازمین کی روانگی آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔

ایم سی او ان کی روانگی کے تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ ان کا سفرِ واپسی بخیر و خوبی مکمل ہو۔سعودی حکام اور پاکستانی حج مشن مدینہ کے عملے کی مربوط کاوشوں کو سراہا گیا ہے جنہوں نے پوسٹ حج مرحلے کے دوران حجاج کرام کی خدمت اور بڑے پیمانے پر انتظامات کو کامیابی سے سنبھالا۔ باقی روانگیوں سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ جاری کی جائیں گی۔