اسلام آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی) حج 2019ءکے لئے درخواستیں وصول کرنے والے بینکوں کی مخصوص برانچیں (کل) ہفتہ کو کھلی رہیں گی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے حج درخواستیں وصول کرنے والے بینکوں کوہدایت کی ہے کہ حج 2019ءکے لئے درخواستیں وصول کرنے والی برانچز کو آج ہفتہ کے روز کھلارکھا جائے اور درخواستیں کی وصولی کاعمل جاری رکھا جائے۔ واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ 9 مارچ 2019ءمقرر کی تھی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق مرکزی بینک نے نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک، یونائٹڈ بینک، ایم سی بی، الائیڈ بینک، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح، زرعی ترقیاتی بینک، فیصل بینک، عسکری بینک، بینک الحبیب، حبیب میٹروپولیٹن بینک، میزان بینک اور دبئی اسلامک بینک کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مخصوص برانچوں کو (آج) 9 مارچ 2019ءکو کھلا رکھیںتاکہ حج 2019ءکی خواہش رکھنے والے افراد سرکاری حج سکیم کے تحت اپنی درخواستیں جمع کروا سکیں۔ مختلف بینکوں کی مخصوص برانچز صبح 10 بجے سے سہ پہر اڑھائی بجے تک درخواستوں کی وصولی جاری رکھیں گی۔