حج 2022 کے لئے سرکاری سکیم کے تحت چار دنوں میں 43 ہزار 554درخواستیں موصول

59
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):حج 2022 کے لئے سرکاری سکیم کے تحت جمعرات تک چار دنوں میں مجموعی طور پر 43 ہزار 554درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں ،آج جمعہ کو درخواستیں جمع کرانے کا آخری دن ہوگا ۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق بینکوں کے ذریعے سرکاری حج سکیم میں درخواستیں جمع کرانے کا چوتھا دن مکمل ہوگیا ہے ۔ چار دن میں 43 ہزار 5 سو 54 حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ 13 مئی بروز جمعہ حج درخواستیں وصول کرنے کا آخری دن ہو گا۔وقت کی کمی کے باعث حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

درخواست گذاروں سے کہا گیا ہے کہ عازمین حج دو مجاز افسران کے دستخط اور مہر والی بینک رسید ضرور حاصل کریں ۔ عازمین حج اپنے کوائف کی تصدیق وزارت کی ویب سائٹ سے لازمی کر لیں۔حج درخواست کے ساتھ سعودی حکام سے منظور شدہ ویکسین کی مکمل ڈوز کا سرٹیفیکیٹ جمع کرانا لازمی ہے۔

حج درخواست کے ہمراہ پاسپورٹ، ہیلتھ فٹنس سرٹیفیکٹ، 3 تصاویر، 50 ہزار روپے بطور ٹوکن رقم جمع کرانا لازمی ہے۔سمندر پار پاکستانیوں کی آسانی کیلئے پاسپورٹ جمع کرانے کی حتمی تاریخ 20 ذی القعدہ مقرر کی گئی ہے۔عازمین حج کی سہولت و رہنمائی کیلئے وزارت مذہبی امور نے حج ہیلپ لائن 0519205696 اور 0519216980 تا 82 تک فون لائنیں بھی مختص کی ہیں ۔ عازمین حج آفیشل واٹس ایپ نمبر 03063332555 سے بذریعہ میسج بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔