ریاض۔12مارچ (اے پی پی):حرمین ایکسپریس300 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ دنیا کی تیز رفتار ٹرینوں میں چھٹے نمبر پر آگئی ہے۔ اردو نیوز کےمطابق سعودی ریلوے کمپنی سارنے رمضان پلان کے تحت 3400 ریلوے سروسز فراہم کی ہیں جن کے تحت 1.6 ملین مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔حرمین ٹرین مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے مابین 449 کلو میٹر کی مسافت دو گھنٹے 20 منٹ میں طے کرتی ہے۔ٹرین کے ٹریکس کی مجموعی لمبائی 453 کلو میٹر ہے جسے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی جوڑا گیا ہے۔
ٹرین کے پانچ بڑے سٹیشنز ہیں جن میں مکہ مکرمہ سٹیشن الرصیفہ ، مدینہ منورہ سٹیشن ، شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ سٹیشن جدہ ، سلیمانیہ سٹیشن جدہ اور شاہ عبداللہ اکنامک سٹی سٹیشن شامل ہیں۔کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ سٹیشن کا شمار دنیا کے بڑے سٹیشنز میں ہوتا ہے جو ایک لاکھ 5 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے یہاں سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جانے کے لئے ٹریکس الگ ہوتے ہیں۔
حرمین ٹرین کے یونٹس میں 35 الیکٹریکل ٹرینیں شامل ہیں جن میں ہر ٹرین کی 13 بوگیاں ہیں اور ایک ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش موجود ہے جبکہ 5 بوگیاں فرسٹ کلاس کی ہیں اور جن میں 304 مسافروں کی گنجائش ہے۔
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین چلنے والی حرمین ایکسپریس سے جہاں عمرہ زائرین کو سہولت ہوئی وہاں ہائی ویزے پرٹریفک کا بوجھ بھی کم ہوا ہے۔حرمین ایکسپریس کا افتتاح شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ستمبر 2018 میں کیا تھا جو مشرق وسطی کی سطح پر محفوظ اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ کا عظیم منصوبہ ہے