سرینگر۔26اکتوبر (اے پی پی):بھارت کےغیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوں سے 27اکتوبر کوکنٹرول لائن کے دونوں اطرف اور دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے ۔
حریت فورم نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں5اگست 2019سے میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا اور وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق ،
حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر ، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے یوم سیاہ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 27اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ حریت کانفرنس کی ہڑتال کی اپیل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
جموں و کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب سے بھارت نے جموں وکشمیر میں اپنی فوجیں بھیجی ہیں کشمیری عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے عملی طور پر جموں وکشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔
ترجمان جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ایڈووکیٹ ارشد اقبال ، ترجمان جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ شفیق الرحمان ،ترجمان جموں و کشمیر پیپلز لیگ محمد اقبال اور جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے اپنے الگ الگ بیانات میں جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے تباہ کن اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947کو بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر پرفوج کشی قانونی اور اخلاقی جواز سے عاری ننگی جارحیت تھی۔
انہوں نے بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی تاریخی مزاحمت کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کانشانہ بننے کے باوجود کشمیریوں نے کبھی بھی بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی روزانہ کی بنیاد پرنہتے کشمیریوں کو قتل اور املاک کو تباہ کر رہی ہیں۔حریت آزاد کشمیر کے رہنماشیخ عبدالمتین نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جار ی رکھے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی بھی مذمت کی۔جموں و کشمیر تحریک استقامت کے وائس چیئرمین ابو عبداللہ نے کہاہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر پرغیرقانونی تسلط کے بعد سے کشمیریوں کی زندگیوں کو جہنم بنادیا ہے ۔پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سےدوران حراست کشمیری نوجوان ضیا مصطفی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔