حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی علامت تھے اور رہیں گے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

170
صدر مملکت

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سفاکانہ جبر اور ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ہمت اور استقامت کی مثال قائم کی، وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی علامت تھے اور رہیں گے۔

سید علی شاہ گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آج کشمیری حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کو ان کی شہادت کی پہلی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے ساتھ شامل ہے۔ ہم عظیم اور ایک سچے ہیرو کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آزادی اور انصاف کے مقصد کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی آنے والی نسلوں کے لیے نمونہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل ظلم و ستم اور زبردست ذاتی مشکلات کے باوجود سید علی شاہ گیلانی کی کشمیر کاز کے لیے غیر متزلزل وابستگی بے مثال تھی۔ انہیں کشمیر اور پاکستان سے ان کی غیر مشروط محبت کے لیے یاد رکھا جائے گا اور ان کی میراث جموں و کشمیر پر غیر قانونی ہندوستانی قبضے کو ختم کرنے کے لیے ان کے مشن کو آگے بڑھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ بدترین بھارتی جبر اور مظالم کے خلاف علی گیلانی کی مزاحمتی جدوجہد اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے ان کی زندگی بھر کی جدوجہد موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ رہے گی۔