حریت رہنما عزیر احمد غزالی کا 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے غیر قانونی تسلط کے آغاز کی مذمت کرتے ہوئے خود ارادیت اور آزادی کا مطالبہ

90
Uzair Ahmed Ghazali
Uzair Ahmed Ghazali

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):حریت رہنما عزیر احمد غزالی نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے ۔ انہوں نے 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے آغاز کی مذمت کرتے ہوئے خود ارادیت اور آزادی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کشمیری بھارتی مسترد کر تے ہیں۔ پی ٹی وی نیوز پر نشر ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر ایک ناقابل فراموش دن ہے، 1947 میں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو 75 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کو کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے،متنازعہ علاقے پر بھارت کے تسلط کی مذمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط اور وحشیانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں اور ان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں سمیت وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پرعزم ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور ہماری مقبوضہ سرزمین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

عزیر احمد غزالی نے زور دے کر کہا کہ کشمیری اب مزید بھارتی جبر برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مکمل آزادی اور خود ارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مداخلت کرنی چاہیے۔