اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حسابات جاریہ کے خسارہ میں نمایاں کمی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ ہفتہ کوپوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ حکومت کو آغازسے ہی زرمبادلہ کے کم ذخائر کے مسئلہ کا سامناتھا، درآمدات پر زرمبادلہ کا حجم برآمدات سے دوگناسے بھی زیادہ تھا، اس کی وجہ سے حسابات جاریہ کا خسارہ 20 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گیاتھا حکومت نے اس ضمن میں جامع اقدامات کئے، برآمدات میں اضافہ کیلئے کوششیں کی گئی، حکومت کی کوششوں سے حسابات جاریہ کا خسارہ 20 ارب ڈالرسے کم کرکے تین ارب ڈالر کی سطح پرلایا گیا، یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ آئی ایم ایف ، موڈیزاور دوسرے عالمی اداروں نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔