اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) حسابات جاریہ کے خسارے میں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 72 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں حسابات جاریہ کے خسارے کا حجم 9.48 ارب ڈالر تھا جو جاری مالی سال میں کم ہوکر2.65 ارب ڈالر تک گرگیاہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جنوری کے مہینہ میں حسابات جاریہ کے خسارے میں 36 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔جنوری 2020 ءمیںحسابات جاریہ کے خسارے میں 555 ملین ڈالر کی کمی دیکھنے میں آئی گزشتہ سال جنوری میں حسابات جاریہ کا خسارہ 865 ملین ڈالر تھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں تجارتی خسارے میں 36.55 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اشیاءکی تجارت میں توازن کا حجم 11.64 ارب ڈالر رہا ، گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں تجارتی خسارے کا حجم 18.35 ارب ڈالر رہاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق اسی مدت میں سمندرپارپاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرکا حجم 13.3 ارب ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں ترسیلات زر کاحجم 12.77 ارب ڈالررہاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جی ڈی پی کے تناسب سے حسابات جاریہ کا خسارہ 1.6 فیصد تک گرگیاہے۔جاری مالی سال میں اب تک 17.68 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 2.7 فیصد زیادہ ہے۔برآمدات میں اضافہ کے ساتھ درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 19.7 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔