اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خزانہ خرم شہزادنے مارچ کے مہینہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں ریکارڈفاضل توازن کوخوش آئندقراردیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے ملکی معیشت پرسرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
جمعرات کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ مارچ کے مہینہ میں ملکی تاریخ میں پہلی بارکسی ایک ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 1.19ارب ڈالرفاضل ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال مارچ کے 363 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 229 فیصدزیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 1.86 ارب ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال کی اسی مدت میں 1.65 ارب ڈالر خسارے میں تھا۔
انہوں نے کہاکہ تیل کی قیمتوں میں کمی اورترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ سے حسابات جاریہ کے فاضل توازن کارحجان مالی سال کے اختتام اورآئندہ مالی سال کے دوران بھی جاری رہے گا، اس سے سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں مزید اضافہ میں مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583478