حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ اورمہنگائی میں نمایاں کمی سمیت کلیدی معاشی اشاریوں سے معاشی استحکام کی عکاسی ہورہی ہے،وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی مختلف وفود سے گفتگو

74
حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ اورمہنگائی میں نمایاں کمی سمیت کلیدی معاشی اشاریوں سے معاشی استحکام کی عکاسی ہورہی ہے،وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی مختلف وفود سے گفتگو

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ اورمہنگائی میں نمایاں کمی سمیت کلیدی معاشی اشاریوں سے معاشی استحکام کی عکاسی ہورہی ہے،مختلف شعبوں میں اصلاحات کے جاری عمل سے گورننس میں نمایاں بہتری آرہی ہے، کاروباراورسرمایہ کاری کیلئے سہولیات اورسازگارماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹرایمافن اور ٹی پی جی کیپٹل کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات میں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم بھی موجودتھے۔وزیرخزانہ نے ایما فن کی پاکستان میں تقرری کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان دیرینہ شراکت داری ان کے دور میں مزید مضبوط ہوگی اور بینک پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیرخزانہ نے ایمافن کو معیشت کی بہتری، سرکاری اداروں، ٹیکس نظام اور توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے عمل سے آگاہ کیا اورکہاکہ ان اقدامات کابنیادی مقصد گورننس،کارکردگی اور ان شعبوں کی پائیداریت میں بہتری لانا ہے۔پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹرایمافن نے مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات کو سراہا اورکہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے لئے نئی کنٹری پارٹنرشپ حکمت عملی پر کام کر رہا ہےجس میں موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی ترقی و خوشحالی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو اے ڈی بی کے پورٹ فولیو سرمایہ کاری، جاری اور آئندہ منصوبوں،ملک میں اقتصادی اصلاحات، سماجی و اقتصادی ترقی، غربت کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلی، پالیسی پر مبنی مالی معاونت اور بجٹ سپورٹ کے حوالے سے بینک کی حمایت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیرخزانہ کوبتایاکہ رواں سال پاکستان کے لئے اے ڈی بی کے سات جبکہ اگلے سال 16 منصوبے ترتیب دیئے گئے ہیں جو کہ پاکستان کے ساتھ وسیع اور بامعنی شراکت داری کا حصہ ہیں۔

انہوں نے وزیرخزانہ کو ان منصوبوں پرپیشرفت سے بھی آگاہ کیا جو اے ڈی بی کی جانب سے مختلف شعبوں میں شروع کئے گئے یا زیر غور ہیں جن میں غربت کے خاتمے کے لئے مالی امداد، سرکاری و نجی اداروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار میں اصلاحات، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ٹرانسفارمر اور گرڈ سطح پر سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لئے تعاون، سیلاب کے حوالہ سے انتباہی نظام کے قیام اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن شامل ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ بینک پاکستان کی معیشت کی ترقی اور مختلف شعبوں میں استحکام کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔دریں اثناء وزیرخزانہ سے ٹی پی جی کیپٹل کے وفد نے بھی ملاقات کی جس کی قیادت ٹی پی جی کے پارٹنرجائیدے اولان رواجو کر رہے تھے۔

ملاقات کا بنیادی مقصد پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانا اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔ وزیر خزانہ نے وفدکو پاکستان کے معاشی اشاریوں میں مثبت پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ اورمہنگائی میں نمایاں کمی سے معاشی استحکام کی عکاسی ہو ر ہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات کررہی ہے جن کے نتیجہ میں برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ افراط زر کی شرح سنگل ڈیجٹ ہوگئی ہے جو کہ حکومت کی موثر معاشی حکمت عملی کا ثبوت ہے۔

وزیرخزانہ نے وفدکو پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے حکومت کے وژن سے بھی آگاہ کیااورکہاکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پرعملدرآمدہورہاہے،ان اصلاحات کامقصد مارکیٹ کی صورتحال کو بہتر بنانے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرناہے، اصلاحات سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کے معاشی ماحول میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے میں مددملے گی۔

ٹی پی جی کیپٹل کے پارٹنرجائیدے اولان رواجونے پاکستان میں ماحول دوست ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اقدامات کے لئے سرمایہ کو راغب کرنا انتہائی اہم ہے وزیر خزانہ نے وفد کو حال ہی میں عالمی بینک کے ساتھ طے پانے والے دس سالہ شراکتی فریم ورک کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس سٹریٹجک شراکت کا مقصد مختلف منصوبوں کو فروغ دینا ہے جو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ملاقات میں فریقین نے پاکستان کے اقتصادی اہداف اور پائیدار ترقی کے مقاصد سے ہم آہنگ سرمایہ کاری کے حوالہ سے مشترکہ اقدامات سے اتفاق کیا ۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ہرقسم کی سہولیات کی فراہمی میں پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹی پی جی کیپٹل جیسے اداروں کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی اقتصادی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔