حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 57 فیصد کمی

111
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 57 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر تک کی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 3.099 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 57 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 7.23 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ نومبر میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے میں سالانہ بنیادوں پر 86 فیصد کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ۔

نومبر 2022 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 276 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال نومبر میں 1.92 ارب ڈالر تھا۔ اکتوبر کے مقابلہ میں نومبر کے مہینہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں ماہانہ بنیادوں پر 51 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اکتوبر میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 569 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق پرائمری خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جولائی سے نومبر تک کی مدت میں پرائمری خسارے کا حجم 1.884 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.998 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا ۔ نومبر کے مہینے میں پرائمری خسارے میں سالانہ بنیادوں پر 12 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نومبر میں پرائمری خسارے کاحجم 424 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال نومبر میں 480 ملین ڈالر تھا۔