حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر68 فیصد، تجارتی خسارہ میں 30 فیصدکی نمایاں کمی

78
State Bank
State Bank

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر68 فیصد جبکہ تجارتی خسارہ میں 30 فیصدکی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرفروری 2023 تک کی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 3.861 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 68 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 12.077 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔فروری میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 74 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 86 فیصدکم اورجنوری کے مقابلہ میں 68 فیصدکم ہے، گزشتہ سال فروری میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 519 ملین ڈالر اور جنوری میں 230ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں پرائمری بیلنس 3.422 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 3 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پرائمری بیلنس3.315 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔فروری میں پرائمری بیلنس 309 ملین ڈالررہا جوگزشتہ سال فروری میں 274 ملین ڈالر اور جنوری میں 509 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک کے تجارتی خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر30 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے لیکرفروری 2023 تک کی مدت میں ملک کاتجارتی خسارہ 18.74 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.70 ارب ڈالرتھا۔فروری میں تجارتی خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر19 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، فروری میں ملک کا تجارتی خسارہ 1.73 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال فروری میں 2.150 ارب ڈالر اور جنوری میں 1.710 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں ملکی برآمدات کاحجم 18.83 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 20.63 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 10 فیصدکم ہے۔

فروری میں ملکی برآمدات کاحجم 2.198 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوجنوری میں 2.219 ارب ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 2.150 ارب ڈالرتھا۔اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملکی درآمدات کاحجم 37.38 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 47.33 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 21 فیصدکم ہے۔