میڈیکل کی تعلیم کیلئے مزید 27 فلسطینی طلبہ لاہور پہنچ گئے

136

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):جنگ سے متاثرہ غزہ سے تعلق رکھنے والے مزید 27 فلسطینی طلبا میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے احکامات پر فلسطینی طلبہ کو پاکستان کے میڈیکل اینڈ ڈ ینٹل کالجز میں اپنی تعلیم مفت مکمل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، اس سلسلے میں دیگر ادارے گلوبل ریلیف ٹرسٹ ، ڈاکٹرز آف رحمٰن اور الخدمت فائونڈیش بھی معاونت کر رہے ہیں ۔ترجمان الخدمت فاونڈیشن کےمطابق الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک اور چیئرمین الخدمت ہیلتھ سروسز پروفیسرڈاکٹرزاہدلطیف نے سرکاری حکام کے ہمراہ لاہورائیرپورٹ پر فلسطینی طلبا کا پرتپاک استقبال کیا۔

قبل ازیں مصر میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام اور الخدمت فاونڈیشن کے ذمہ داران نے فلسطینی طلبہ کوقاہرہ ایئرپورٹ سے رخصت کیا تھا جو فلائٹ جی ایف 764کے ذریعے براستہ بحرین پاکستان پہنچے ہیں۔الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اِس موقع پر کہا کہ پہلے مرحلے میں غزہ کے 192 فلسطینی طلبا مختلف پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچ رہے ہیں جو الخدمت فاونڈیشن،گلوبل ریلیف ٹرسٹ اور ڈاکٹرز آف رحمان کے تعاون سے پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں اپنی میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم جاری رکھیں گے۔ صدر الخدمت نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان،فلسطینی سفارت خانے اور مختلف میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز کے شکرگزار ہیں جن کی دلچسپی سے فلسطینی طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ پائیں گے۔

الخدمت فاونڈیشن جنگ کے پہلے دن سے غزہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔فوڈ ،میڈیکل ، ہائی جین اور شیلٹر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جہاں الخدمت نے غزہ کے اندربچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے سکولزقائم کئے ہیں وہیں مصر،ترکی اور پاکستان سمیت دیگرممالک میں زیر تعلیم فلسطینی طلبا کی معاونت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فلسطین سفارت خانے،حکومت پاکستان سمیت مختلف یونیورسٹیز اور کالجز سے مختلف میٹنگز کے بعد اللہ کی نصرت سے ہم غزہ کے ان طلبہ کوپاکستان پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔مہمان طلبہ کوپاکستان میں تعلیم کے ساتھ رہا ئش،خوراک سمیت دیگرضروریات کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے۔