حضرت اللہ زیزئی کا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے اور انفرادی طور پر دوسری بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز

195

دہرہ ڈون ۔ 23 فروری (اے پی پی) افغانستانی ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زیزئی نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے اور انفرادی طور پر دوسری بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا، اس کے علاوہ انہوں نے اننگز میں زیادہ چھکوں کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ ہفتہ کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں حضرت اللہ زیزئی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرش باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 42 گیندوں پر سنچری بنائی جو کہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری ہے، ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں تیز ترین سنچری کا عالمی اعزاز مشترکہ طور پر جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر اور بھارت کے روہت شرما کو حاصل ہے جنہوں نے یکساں 35 گیندوں پر سنچری بنا رکھی ہے، اس کے ساتھ ہی حضرت اللہ نے انفرادی طور پر دوسری بڑی ٹی ٹونٹی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، انہوں نے 162 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا، ٹی ٹونٹی میں بڑی اننگز کھیلنے کا عالمی اعزاز آسٹریلیا کے ایرون فنچ کو حاصل ہے جنہوں نے 2018ءمیں زمبابوے کے خلاف میچ میں 172 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ حضرت اللہ زیزئی نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اننگز میں زیادہ چھکے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے، انہوں نے 16 چھکے لگا کر آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ کا اننگز میں زیادہ چھکوں کا ریکارڈ توڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا، جنہوں نے 14 چھکے لگا رکھے تھے۔