دہرہ ڈون ۔ 23 فروری (اے پی پی) حضرت اللہ زیزئی کی طوفانی اننگز کی بدولت افغانستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 84 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز کا ریکارڈ مجموعہ ترتیب دیا، حضرت اللہ زیزئی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرش باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 62 گیندوں پر 16 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 162 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عثمان غنی 73 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں آئرش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 194 رنز بنا سکی، پال سٹرلنگ کی 91 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، راشد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، حضرت اللہ زیزئی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو دہرہ ڈون میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں افغانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 278 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، حضرت اللہ زیزئی اور عثمان غنی نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب درگت بنائی اور ٹیم کو 236 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، عثمان غنی 73 رنز بنانے کے بعد رینکن کی گیند پر آﺅٹ ہوئے، شفیق اللہ 7 رنز بنا سکے، محمد نبی 17 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، حضرت اللہ زیزئی نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے آئرش باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا، انہوں نے 62 گیندوں پر 16 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 162 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے، نجیب اللہ زدران ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، لٹل، رینکن اور چیس نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں آئرش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز تک محدود رہی، کپتان پال سٹرلنگ کے سوا آئرلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، سٹرلنگ کی 91 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی، کیون اوبرائن 37، اینڈی بلبرائن اور ٹکر 2، 2 گٹ کیٹ 24 اور ڈوکریل بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، سیمی سنگھ 17 اور پونٹر 15 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، راشد خان نے 4 مجیب الرحمان، فرید احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔