حضرت امام ؓ نے سچائی، انصاف اور انسانیت کی بلند اقدار کی خاطر کربلا کے میدان میں بے مثال قربانی پیش کی، اعظم نذیر تارڑ

54
حضرت امام ؓ نے سچائی، انصاف اور انسانیت کی بلند اقدار کی خاطر کربلا کے میدان میں بے مثال قربانی پیش کی، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے حضرت امام حسین ؓ اور ان کے جان نثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے سچائی، انصاف اور انسانیت کی بلند اقدار کی خاطر کربلا کے میدان میں بے مثال قربانی پیش کی۔ یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم امام حسین ؓ اور ان کے عظیم ساتھیوں کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، جو انہوں نے حق، انصاف اور انسانیت کی عزت کی خاطر کربلا میں پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا سانحہ محض ماضی کا ایک واقعہ نہیں، بلکہ یہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانے، اخلاقی ہمت کا مظاہرہ کرنے اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کا ایک لازوال سبق ہے۔ امام حسین ؓ نے ظلم کے سامنے جھکنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی، جو انسانیت کو ہمیشہ یہ یاد دلاتا ہے کہ باطل کے سامنے خاموش رہنا گویا حق کے راستے سے منہ موڑنا ہے۔وزیر قانون نے کہاکہ کربلا کا پیغام عالمگیر ہے۔ یہ ہمیں صبر، استقامت، ہمت اور قربانی جیسی اقدار اپنانے کی تعلیم دیتا ہے، جو کسی بھی منصفانہ اور انسانی معاشرے کی بنیاد ہیں۔

بحیثیت قوم اور بحیثیت فرد، ہمیں ان تعلیمات پر غور کرنا چاہیے اور انصاف کو قائم رکھنے، ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور ہر شعبے میں کمزوروں کا ساتھ دینے کا عہد کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں اس مقدس دن پر، ہم عہد کریں کہ ان اقدار کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ ہم ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے اپنے عہد بندی کو دہرائیں گے جہاں حق کی حکمرانی ہو، انسانی حقوق کا تحفظ ہو اور کسی کی آواز خوف کے باعث دبائی نہ جائے۔