حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانی میں آفاقیت اور ایثار کی ایسی علامتیں ہیں جن کی پوری بنی نوع انسان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ٹویٹ

161
محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عظمت حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل تھے، کی قربانی میں آفاقیت اور ایثار کی ایسی علامتیں ہیں جن کی پوری بنی نوع انسان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ 14 صدیاں گزرنے کے باوجود، اللہ کے نبی ﷺ کے خاندان کی اس عظیم قربانی کی یاد نے انسانی شعور کے ارتقاء اور حق انصاف اور آزادی کی انسانی جدوجہد کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ طاقت کے استعمال سے ظلم و جبر کے شکار لوگوں کیلئے امام حسین ؓ کی مثال صبر ،برداشت اور ظلم کے خلاف مزاحمت تاریکی میں امید کا دیا جلائے رکھتی ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ نبی ﷺ کے محبوب نواسے اسلام کی اخلاقی اساس کی حفاظت کیلئے ڈٹے رہے اور انسانیت کی تاریخ میں اپنی شجاعت، بہادری اور ایمان کی طاقت کے ان مٹ نقوش چھوڑ گئے۔