حضرت خواجہ معین الدین چستی ؒکے سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے 240 پاکستانی زائرین اجمیر پہنچ گئے

268
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):حضرت خواجہ معین الدین چستی اجمیریؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے 240 پاکستانی زائرین بھارت کے شہر اجمیر پہنچ گئے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق واہگہ بارڈر کے راستے پاکستانی زائرین حضرت خواجہ معین الدین چستی اجمیری ؒ کے 811 ویں عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے اجمیر شریف پہنچے۔ عرس کی تقریبات 29 جنوری کو شروع ہوں گی ۔

واضح رہے کہ پاک بھارت 1974 معاہدےکے تحت دونوں ملکوں کے مابین زائرین اور یاتری دونوں ممالک میں موجود مذہبی مقامات کی زیارت کے لئے بھجوائے جاتے ہیں۔ رواں سال عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارتی ہائی کمیشن میں ویزوں کے اجرا ءکے لئے 488 پاسپورٹ جمع کرائے گئے تاہم صرف 249 پاکستانی زائرین کوویزے جاری کئے گئے۔ اس طرح 238 زائرین اجمیرشریف حاضری سے محروم رہ گئے ۔ زائرین کی دیکھ بھال کے لئے 6 آفیشلزمیں صرف ایک کوویزہ جاری کیا گیا۔