اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے اجمیر شریف میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس کی سالانہ تقریبات میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی زائرین سے 20 اگست تک درخواستیں طلب کی ہیں۔
بدھ کو وزارت مذہبی امور سے جاری اعلامیہ کے مطابق عرس کی تقریبات بھارت کے شہر اجمیر شریف میں 23 جنوری سے 2 فروری 2023 تک جاری رہیں گی۔ درخواستوں کی مطلوبہ تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی 25 ستمبر 2022 کو وزارت مذہبی امور میں ہو گی۔
صرف وہی افراد درخواست دینے کے اہل ہوں گے جنہوں نے کورونا ویکسین لگوا رکھی ہو گی اور انہیں روانگی سے 48 گھنٹے قبل کورونا کی منفی ٹیسٹ رپورٹ جمع کرانا ہو گی۔ درخواستیں وزارت کے مقررہ فارم پر دینا ہوں گی۔
زائرین پر واضح کیا گیا ہے کہ کووڈ۔19 کے ایس او پیز کی روشنی میں عوامی اجتماع ممنوع ہے لہٰذا حکومت پاکستان دورہ کے وقت دونوں ممالک میں کووڈ۔19 اور زائرین کے دورہ بھارت سے متعلق پروٹوکول کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی