حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی3روز تقریبات اختتام پذیر ،عرس کے شاندار کے انعقاد کا سہرا مریم نواز کے سرہے ، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری

191

لاہور۔26اگست (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضابخاری نے کہا کہ دربار حضرت داتا گنج بخش لاہور کے981ویں سالانہ عرس کا شاندار انعقاد رواداری و امن کا مظہر اور ملی یکجہتی کا امین تھا، بہترین انتظامات اور سرپرستی کا سہرا وزیر اعلی پنجاب کے سر ہے۔ داتا دربار کا عرس ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی اور خطے میں امن و عافیت کی دعائو ں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ۔اختتامی دعا میں لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک سے کچہری چوک تک کے علاقے میں زائرین کا ہجوم تھا ،تین روزہ عرس تقریبات میں 12لاکھ سے زائد زائرین نے دربار شریف پر حاضری کی سعادت حاصل کی۔

اس موقع پر قومی، وفاقی اور مختلف صوبوں کی اعلی شخصیات نے مزار شریف پر چادریں چڑھائی۔ مزار شریف میں لنگر کی تیاری کے لیے پندرہ مختلف پکوان مرکز عارضی طور پر قائم کیے گئے جہاں سے لاکھوں زائرین کو لنگر اور کھانے کی سہولت دستیاب ہوئی جبکہ 5 لاکھ لیٹر تازہ دودھ جس کو فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی سپر ویژن میں سبیل دودھ کے ذریعے زائرین تک پہنچانے کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ دنیا بھر سے مشائخ و سادات کے ڈیلیگیشنز بشمول سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیا دہلی اور دیوان طاہر نظامی نے عرس تقریبات میں شرکت کی۔ اوقاف اور داتا دربار ایڈ منسٹریشن کی طرف سے بہترین انتظامات کوزائرین نے بہت پسند کیا ۔اس موقع پر ٹھنڈاپانی، سبیل دودھ، لنگر، سکیورٹی و صفائی کے بہترین انتظامات پر بھی عقیدت مندوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت، مون سون اور بادوباراں کے باوجود عرس انتظامات میں کوئی کمی اور کوتاہی نہ ہوئی، میگا ترقیاتی پراجیکٹ اور تعمیراتی سرگرمیوں کے باوجود عرس تقریبات اپنے روایتی شکوہ کے مطابق وقوع پذیر ہوئیں۔

سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ داتا صاحب کی تعلیمات اور افکار سے لاکھوں لوگ آج بھی فیض یاب ہورہے ہیں اور رہتی دنیا تک ان کا فیض جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ حضرت داتا گنج بخش کے981ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات خصوصی ختم شریف اور درود و سلام سے اختتام پذیر ہو گئیں۔ خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے اختتامی دعا کروائی۔اختتامی دعا میں ملک وملت کی سلامتی و سربلندی، اس کی نظریاتی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور فلسطین عوام کے مصائب اور مشکلات کے حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتا دربارشاہد حمید ورک، منیجران اوقاف داتا دربار شیخ محمد جمیل، طاہر مقصود، محمد ناصر سمیت اوقاف ایڈ منسٹریشن ودیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔