
کراچی۔ 20 ستمبر (اے پی پی) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے جوان فرزند حضرت علی اکبرؓ کی شہادت کی مناسبت سے کراچی میں نویں محرم الحرام کا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس سے قبل صبح 11 بجے نشتر پارک میں مجلس عزا برپا ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکاٹس نے کی۔ جلوس میں شریک عزادار، ماتمی انجمنوں نے نواسہ رسول کی شہادت پر نوحہ خوانی، ماتم داری اور زنجیر زنی کی۔ سندھ حکومت کی جانب سے جلوس کی حفاظت کے لئے انتہائی سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے۔ مو ٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس بند رہی۔ جلوس کی گذرگاہ میں تمام گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند اور ایم اے جناح روڈ کی تمام دکانوں کو سیل کیا گیا۔