حضرت مجدد الف ثانیؒ کے 410 ویں عرس میں 127 پاکستانی زائرین کی شرکت

368
حضرت مجدد الف ثانیؒ

نئی دہلی ۔14ستمبر (اے پی پی): حضرت مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کا 410 واں سالانہ عرس مبارک سرہند شریف میں منعقد ہوا جس میں 127 پاکستانی زائرین نے شرکت کی۔

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور اعزاز خان نے 16 ویں صدی کے عظیم اسلامی سکالر حضرت مجدد الف ثانیؒ کے مزار پر حاضری دی۔ ناظم الامور اور زائرین نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے مزار پر روایتی چادر چڑھائی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔

اس موقع پر ناظم الامور نے زائرین کے دورہ میں سہولت فراہم کرنے پر سجادہ نشین خلیفہ سید محمد صادق رضا اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ناظم الامور اعزاز خان نے حضرت مجدد الف ثانی رحمتہ اللہ علیہ کی اسلام کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ ہر سال پاکستانی زائرین 1974ءکے مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق پاکستان۔ انڈیا پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت حضرت مجدد الف ثانیؒ کے سالانہ عرس مبارک میں شرکت کرتے ہیں۔