حضرو۔ 26 جنوری (اے پی پی):حضرو پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کاروائیوں کے دوران 5 کلو سے زائد چرس، 1.5 کلو سے زائد ہیرؤین اور 120 گرام افیون برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حضرو سجاد حیدر اور ان کی ٹیم کی منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں ۔
تھانہ حضرو پولیس نے منشیات فروش محمد الیاس 1800 گرام چرس، 560 گرام ہیرؤن اور 120 گرام افیون برآمد کر لی، نایاب سکنہ قطبہ سے 1500 گرام چرس اور 500 گرام ہیرؤن برآمد کر لی جبکہ یاسر خان سے 1500 گرام چرس اور 520 گرام ہیرؤن برآمد کر لی ۔ایک اور کاروائی میں عمران شاہ سے 1230 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ حضرو سجاد حیدر نے کہا کہ تھانہ حضرو کی حدود میں کوئی کتنا بااثر کیوں نہ ہو،
اس کو منشیات فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جبکہ پتنگ فروشوں اور بھکاریوں کے خلاف بھی سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو پتنگ بازی سے منع کریں۔ تھانہ حضرو کے عوامی حلقوں نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کروانے پر ڈی پی او اٹک ڈاکٹر غیاث گل خان اور ایس ایچ او تھانہ حضرو سجاد حیدر کو خراج تحسین پیش کی ہے۔