حضرو ، وزیر اعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کرینگے اپوزیشن کچھ بھی کر لیں ناکامیاں ان کا مقدر ہیں ،ملک امین اسلم

103

حضرو ۔20فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کرینگے اپوزیشن کچھ بھی کر لیں ناکامیاں ان کا مقدر ہیں ،وزیر اعظم عمران خان ایک دلیر لیڈر ہیں اپوزیشن ان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتی۔انہوں نے کہا کہ بڑی پارٹیاں اقتدار کیلئے ایک دوسرے کیساتھ تعاو ن پر مجبور ہیں، لیکن اس میں بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا، تحریک انصاف الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مشکو رہوںجنہوںنے ہر موقع پر اٹک کی ترقی کیلئے فنڈ دیا، حلقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹس ،سوئی گیس ،بجلی ،سڑکوں اور دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان نے ملک لوٹنے والوں کے خلاف جو مہم شروع کی ہوئی ہے اس میں انہیں کامیابی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ایماندار اور سچے لیڈر ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ بیرون ملک کے حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں۔ملک امین اسلم نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست مفاد پرستی کی سیاست ہے جس میں وہ ناکامی سے دو چار ہونگے۔\