حضرو ، ڈھوک پیندا کے نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے لیے گرانٹ منظور

81

حضرو 09 فروری (اے پی پی):ممبر مانیٹرنگ ٹیم وزیر اعلی پنجاب سابق صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کی کوشش سے حکومت پنجاب نے نواحی علاقے ڈھوک پیندا میں نیا واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرلی منصوبے پر کام جلد شروع ہو جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل حضرو کے علاقے ڈھوک بیندا جہاں صاف پانی عوام کو میسر نہیں تھا عوام نے اس حوالے سے جہانگیر خانزادہ کو اگاہ کیا تھا ۔جنہوں نے حکومت پنجاب سے نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرا لی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ مریم بی بی کا مشکور ہوں جنہوں نے پہلے بھی علاقے کی ترقی کے لیے کروڑوں روپے کی گرانٹ دی ۔ اب مقامی آبادی کا صاف پانی پینے کا مطالبہ پورا کر کے انہوں نے یہاں کے عوام کا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف صحیح معنوں میں خادمہ پنجاب ہے پنجاب کے ہر شعبے کی ترقی کے لیے کوششیں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی محترمہ مریم نواز شریف کا کردار سب سے نمایاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ہی عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنا ہے۔ شہید کرنل شجاع خانزادہ نے تحصیل حضرو کی ترقی کے خواب جو دیکھے تھے ان کو پورا کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہوں۔ مریم نواز شریف کا مشکور ہوں جنہوں نے پہلے بھی علاقے کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لیے کروڑوں روپے کی گرانٹ دی جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جا رہی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مریم نواز شریف علاقے کی ترقی کے لیے بہت جلد ایک اور بڑی گرانٹ بھی منظور کریں گی جس کی وجہ سے یہاں کے عوام کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی ۔جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ چھچھ کے عوام کی خدمت کے لیے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ ڈھوک پیندا کی مقامی آبادی نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کروانے پر جہانگیر خانزادہ کو خراج تحسین پیش کی ہے۔