اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نبی آخرالزماں ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے ، حضوراکرم ﷺکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، زیادتی، ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ عید میلاد النبیﷺ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں انہوں عید میلادالنبیﷺ ؐپر پوری قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ نبی آخرالزماں ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے ، اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، نبی کریمﷺ کی زندگی میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے پوری دنیا کیلئے ایک مثال بنے ، نبی کریم ﷺنے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدﷺ نے امن وآشتی، احترام انسانیت، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا، حضوراکرم ﷺکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، زیادتی، ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کا دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں۔