حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی بنی نوع انسان کیلئےمشعلِ راہ ہے، عید میلاد النبی ؐکےبابرکت پُرمسرت موقع پرچیئرمین سینیٹ کا پیغام

237
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عید میلاد النبیؐ کے بابرکت اور پُرمسرت موقع پر مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پرتمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اس بابرکت دن کی فضلیت وسعادت سے ہر مسلمان کا دل نور سے منوراور روشن کر دے اور وطن عزیز کو اس مقدس دن کی نسبت سے اپنی رحمتوں سے مالا مال کر دے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعلِ راہ ہے اور دنیا وآخرت کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔

ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خاتم النبین آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے۔ اس لحاظ سے 12 ربیع ا لا ول کا دن اسلامی تاریخ کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کیلئے عظیم ترین دن کا درجہ رکھتا ہے۔

یہ دن تمام بنی نوع انسان کو نسلی، علاقائی، طبقاتی، لسانی اور جغرافیائی تعصبات کی دلدل سے نکال کر امن و محبت اور ا تحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ اخوت اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کے لئے اسوہ حسنہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی پیروی ناگریز ہے کیونکہ ہماری بقا ء اور دینی و دنیاوی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔

آج اس با سعادت دن کو منانے کا سب سے احسن طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، گفتار، اخلاق اور عمل سے یہ ثابت کریں کہ ہم رحمتہ العالمین ؐکے اْمتی ہیں اور پیارے پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر اتحاد واتفاق، باہمی محبت ورواداری اور احساس ذمہ داری جیسے نایاب اوصاف پیدا کریں گے جو ہمارے ملک و قوم کی خوشحالی، بقا ء اور پوری دنیا میں ترقی کیلئے راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس مقدس اور بابرکت دن کی مناسبت سے تمام شہداء، غازیوں اور مجاہدوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعلِ راہ ہے اور دنیا وآخرت کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن،محبت، ایثار، قربانی،اتحاد ویگانگت کا ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ میں خدائے بزرگ و برتر کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں اپنی زندگیاں تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی روشنی میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اپنے پیغام میں قوم کو 12 ربیع الاول کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد ی اور کہا کہ اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ہم اپنی زندگیاں اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کریں تو دین و دنیا کی کامیابی یقینی ہے۔ہمیں اپنے اخلاق، اقدار اور روایات کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنا چاہیے تاکہ ہم اپنی آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تمام بنی نوع انسان کیلئے رحمت العالمینؐ بن کر آئے۔