اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حالیہ توہین آمیزخاکوں کے حوالے سے دنیا کو باور کرایا ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے بارے میں مسلمانوں کے جذبات کا بھرپور احترام کیا جانا چاہئے۔ صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اس حوالے سے کئے گئے ٹویٹ کو بھی ٹیگ کیا ہے جس میں وزیراعظم نے کہا کہ گستاخانہ خاکوںکی حوصلہ افزائی سے اسلام اورہمارے پیغمبر ﷺ کونشانہ بنایا جارہاہے، فرانسیسی صدرامانوئل میکرون نے جان بوجھ کر مسلمانوں اور اپنے شہریوں کے جذبات کو مجروح کیاہے۔ صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اس اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔نبی کریم حضرت محمدﷺ سے متعلق ہمارے احساسات کا بھر پور احترام کیا جانا چاہیئے۔آج دنیا کو اشد ضرورت ہے کہ لوگوں کو متحد کیا جائے۔ صدر نے اپنے سیریز آف ٹویٹس میں کہا کہ فرانس کو اپنی سیاست اور پالیسیوں میں تنہائی اور جانبدار ی کے جال میں پڑنے کے بجائے اپنی پوری آبادی کو متحد کرنے کے لئے ذہنی پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ کسی بھی مذہب یا اس کے پیروکاروں کو تنہا کرنے کے بجائے انتہا پسند اور دہشت گرد عناصر کی حوصلہ شکنی کے لئے نپے تلے بیانات دینے چاہیئں۔ صدر نے خبردار کیا کہ جب آزادی اظہار رائے کے لبادے میں ایسی مذموم کارروائیوں کی اجازت دی جائے تو صرف انتہا پسند فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بیشتر یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار جرم ہے اور پھر بھی توہین آمیزخاکوں کی نمائش کی اجازت دینے پر اصرار کیا جاتا ہے تو ایسے منافقانہ قوانین کو تبدیل کرنا ہوگا۔