اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):حضور نبی پاک خاتم النبیینۖ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت آج منگل کو انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مرکزی اور صوبائی حکومتوں سطح پر عشرہ رحمۃ للعالمینۖ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر نجی اور سرکاری سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے اور ان تقریبات کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں حضور نبی پاک ۖ کے یوم ولادت کے موقع پر نبی کریم ﷺ کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قومی رحمۃ للعالمینۖ کانفرنس کا عنوان ”حضور نبی پاک ۖ کی تعلیمات کی روشنی میں مساجد ، مدارس ، امام بارگاہوں اور خانقاہوں کا اتحاد کے فروغ کے لئے کردار ”ہے۔ قومی سیرت کانفرنس کی خصوصی نشستوں میں صدر مملکت اور وزیراعظم مہمان خصوصی ہوں گے ۔
کانفرنس میں ممتاز مذہبی سکالرز ، سیاسی زعما ، سفارتکار اور دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی ۔کانفرنس کے اختتامی سیشن میں کتب سیرت ، کتب نعت ، سیرت پر مضامین اور مقالات سیرت پر ا ول، دوم اور سوم آنے والوں کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا اسی طرح صوبوں میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر سیرت کانفرنسوں کا انعقاد ہو گا ۔
رواں سال بھی وزارت مذہبی امور کی طرف سے سرکار دوعالم ۖ کی سیرت طیبہ اور حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے لئے کتب سیرت ، کتب نعت ، مقالات سیرت اور خواتین کے لئے مذہبی کتب کے مقابلے منعقد کئے گئے ہیں ۔دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور فارن مشنز میں بھی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو ا جاگر کرنے کے لئے سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا ۔12ربیع الاول کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ، قومی اور صوبائی سطح پر تمام تعلیمی اداروں میں سیرت النبی ۖﷺ کانفرنسز منعقد ہوں گی، اسی طرح سیرت طیبہ کے حوالے سے نعت خوانی اور تقاریر کے مقابلے ہوں گے ۔
بچوں میں سیرت کے حوالے سے ذوق و شوق پیدا کرنے کے لئے سیرت کوئز منعقد ہوں گے اور اس موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیہ تقریب بھی منعقد ہوں گی ۔ نجی سطح پر میلادالنبی کے جلوس نکالے جائیں گے ، ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارات پر چراغاں کیا جائے گا ، گھر ، گلیاں اور بازار سجائے جائیں گے ۔ 12ربیع الاول کو وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔
آپ ۖ ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر سکولوں ، کالجوں میں یتیموں ، بیوائوں ، بے گھر افراداور خصوصی افراد میں کھانے اور مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی ۔سینماگھر اور ٹی وی سینٹرزعشرہ رحمۃ للعالمینۖ کے سلسلے میں اپنے معمول کے پروگراموں کی بجائے حضور نبی پاک ۖ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لئے فلمیں ، ڈرامے اور اخلاق سازی پر مبنی پروگرام دکھا سکتے ہیں ۔
تمام تقاریب کے انعقاد کے موقع پر کووڈ 19کے ایس ا و پیز کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے گا۔ عیدمیلاد النبی پر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ عید میلاد النبی کی تقریبات کے موقع سیکورٹی کے خصوصی انتظامات اور ٹریفک پلانز جاری کئے گئے ہیں۔