لاہور۔27اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے سگیاں والا بائی پاس کا دورہ کیا اور ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ محکموں کے ہمراہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے اور دیگر محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو حفاظتی اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق خطرے کے علاقوں سے انخلاء مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ریلیف کیمپس فعال کر دیے گئے ہیں۔ تمام محکمے فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے ہدایت دی کہ اسسٹنٹ کمشنرز تمام خطرے کے علاقوں سے فوری انخلاء کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے ناگہانی صورتحال کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حفاظتی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔