اقوام متحدہ۔ 6 اپریل (اے پی پی)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے بند کمرے کے اجلاس کے بعد لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر سے کہا ہے کہ وہ طرابلس کی جانب اپنے حامی مسلح دستوں کی پیشقدمی روک دیں۔ حفتر نے بدھ (تین اپریل) کو ملکی دارالحکومت طرابلس پر چڑھائی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد حفتر کی لیبین نیشنل آرمی کے دستے طرابلس کے نواح میں پہنچ گئے ہیں، اسی دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریش کی جنرل خلیفہ حفتر کے ساتھ میٹنگ بھی کسی بڑی پیش رفت کا سبب نہ بن سکی۔ لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں ملاقات کے بعد گوتریش نے کہا تھا کہ وہ انتہائی بوجھل دل کے ساتھ لیبیا سے روانہ ہو رہے ہیں۔