اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف و وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حقِ خودارادیت اہلِ کشمیر کا بنیادی حق ہے، پاکستان پورے عزم و استقلال سے کشمیر کاز کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت کی قابض سرکار مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالی کی تاریخ رقم کررہی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مودی کی نسل پرست ہندوتوا سرکار کشمیریوں کا جذبہ حریت دبانے کیلئے جبر و بربریت میں شدت لائی، آئینی حیثیت میں تبدیلی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر دائمی قبضے کی مودی کی کوشش نے کشمیریوں کی مزاحمت میں نئی روح پھونکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حقِ خودارادیت کے حصول سے کم کسی شے کے متمنی نہیں، مستقبل کے آزاد تعین کیلئے دنیا کشمیریوں کیلئے ایک غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کے اہتمام کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آن پہنچا ہے کہ اقوام عالم مقبوضہ وادی میں بھارتی وحشت و بربریت کے تدارک کیلئے اقدام کریں، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نتیجہ خیز نفاذ کا اہتمام کرے۔
اسد عمر نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں بےمثال قربانیاں پیش کرنے والے باہمت کشمیری بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ظالم اور سفاک قابض کے خلاف برسرِپیکار کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔