پشاور۔ 27 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی بنوں نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کی طرح بنوں میں بھی ملاوٹ مافیا اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں،
اس سلسلے میں بنوں فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارا، معائنے کے دوران 650 کلوگرام سے زائد مضر صحت اور ممنوعہ چائنہ سالٹ برآمدکرلیا۔ خیبرپختونخوا حلال فوڈ اتھارٹی ٹیم نے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر تے ہوئے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت ان کے خلاف مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر بنوں نے اس حوالے سے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انسانی صحت کے ساتھ کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کسی رعایت کے مستحق نہیں ،ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔