لندن ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں جمہوریت کی فتح ہوئی اور عوام نے جمہوریت کیلئے ووٹ دیا۔ یہاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس میں شرکت کے بعد اسلام آباد آتے ہوئے لندن پہنچے۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے علاوہ انہوںنے عالمی رہنماﺅں سے متعدد ملاقاتیں کیں اور کاروباری شخصیات تھنک ٹینکس اور امریکی میڈیا سے بھی بات چیت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=70841