حلقہ این اے 46 ، 47 اور 48 اسلام آباد سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نےنوٹس جاری کر دئیے

36

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے حلقوں این اے 46 ، 47 اور 48 اسلام آباد کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواستوں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔منگل کے روز پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواران علی بخاری، شعیب شاہین اور عامر مغل کی جانب سے دائر الگ الگ درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کے دوران شعیب شاہین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ الیکشن کمیشن میں سٹے کا نوٹس تاحال زیرالتواء ہے؟

جس پرشعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہاکہ بالکل الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر سے تین دن میں رپورٹ مانگی تھی،عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ اس موقع پر تینوں امیدواروں نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن معطل کر دیں، جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ میں نےبدھ کو سماعت رکھ لی ہے ابھی نوٹیفکیشن معطل نہیں کر سکتا، کیس بدھ کے لیے رکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے شعیب شاہین، علی بخاری اور عامر مغل کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا اور سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے تینوں امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے تھے،پی ٹی آئی امیدوار عامر مغل ، شعیب شاہین اور علی بخاری نے تینوں نوٹیفکیشن چیلنج کیے ہیں۔