حلقہ پی بی-8 سبی کے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم 12، 13 نومبر کی درمیانی شب معطل تصور ہوگی، الیکشن کمیشن

72
Election Commission

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ پی بی۔8 سبی کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران کی خصوصی توجہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 182 کی طرف مبذول کرائی ہے۔ مذکورہ شق کے مطابق کسی بھی شخص کے لئے پولنگ کے اختتام کے بعد 48 گھنٹوں کے دوران متعلقہ حلقہ انتخاب کی حدود میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع کا انعقاد، شرکت یا کسی جلوس کی قیادت یا شمولیت اختیار کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شخص کو زیادہ سے زیادہ دو سال قید، ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔الیکشن کمیشن سے جمعرات کو جاری بیا ن میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں واضح کیا جاتا ہے کہ حلقہ پی بی-8 سبی کے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم 12/13 نومبر 2024 کی درمیانی شب (12 بجے) سے قانونی طور پر معطل تصور ہوگی۔

تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواران سے پرزور درخواست کی جاتی ہے کہ وہ قانونی تقاضوں کی عملداری کو یقینی بنائیں اور ضبط نفس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 نومبر 2024 کو ہونے والے ضمنی انتخابات کو پرامن اور قانونی طریقے سے منعقد کرنے میں تعاون کریں۔