حلقے میں بنیادی صحت،تعلیم اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے،پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی

150

کوئٹہ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):رکن بلوچستان اسمبلی وپارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کوئٹہ شہر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہے ،سریاب اور اپنے حلقے میں بنیادی صحت،تعلیم اور انفراسٹرکچر کو بنانا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کوئٹہ میں رانی باغ سریاب روڈ ،مختلف سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ رانی باغ سریاب میں سیوریج کا کام شروع ہو گیا ہے،کوئٹہ شہر خصوصا سریاب روڈ پر پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے لوگوں کا انحصار ٹینکرز پر ہے شہریوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے علاقے میں واٹر سپلائی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے میں صحت، تعلیم اور ترقیاتی کاموں کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سریاب کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے ،کوئٹہ شہر ہم سب کا ہے ،صفائی کا نظام ہو یا تعلیم اور صحت سے متعلق مسائل کو حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری صوبائی حکومت احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، عوام کو جلد کو ئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں سے تبدیلی نظر آئے گی۔