کوئٹہ۔ 12 فروری (اے پی پی):بلوچستان کے علاقے نصیرآباد، جعفرآباد ،صحبت پور اور اوستہ محمد سے مسلم لیگ ن کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں حلقے کے عوام نے مجھ پر اعتماد کا اظہار جس پر میں ان کا مشکور ہوں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خان گڑھ میں مبارکباد دینے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر میونسپل کارپوریشن اوستہ محمد کے ڈپٹی میئر حاجی خان پلال ،مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر میاں محمد حسین گولہ ،عبدالکریم بمبل اور شبیر احمد مستوئی سمیت دیگر موجود تھے ۔میر خان محمد جمالی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن وفاق اور صوبوں میں بھاری کامیابی حاصل کی ہے یہ عوام کا ہماری جماعت پر اعتماد کا مظہر ہے ،
پارٹی اپنے منشور کے مطابق ملک میں خوشحالی ،ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے کام کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے خود سرگرم ہیں ،ان شااللہ وہ دن دور نہیں جب ملک میں پھر سے ترقی کا پہیہ رواں دواں ہو جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے اعتماد کو ہرگز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ،لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔