22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںحلقے کے عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ، نارووال میں جلد...

حلقے کے عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ، نارووال میں جلد انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایاجائے گا، احسن اقبال

- Advertisement -

لاہور۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال کے عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے، شعبہ تعلیم میں ترقی کے بعد نارووال میں جلد انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایاجائے گا،مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ،معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی کیلئے پوری قوم کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نارووال میں ان کے اعزاز میں نشان امتیاز ملنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ نارووال کے عوام نے مجھے علاقے کی ترقی کیلئے کامیاب کرایا جس میں کافی حد تک کامیاب ہوا، علاقے میں تعلیم ، صحت کی سہولیات فراہم کیں ،نارووال میں انجینئرنگ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں صوبے بھر سے ہزاروں کی تعداد میں طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، علاقے کی بچے ، بچیوں کو تعلیم کی فراہمی میرا مشن ہے ، نارووال اب تعلیم کے فرو غ کا شہر بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی تعلیم کی بنیاد پر ووٹ ملااسی لیے حلقے کے بچوں کو تعلیم کے تمام مواقع فراہم کئے،کوشش کی کہ بچیوں کو دوسرے شہروں میں جا کر تعلیم نہ حاصل کرنی پڑے لیکن ہمارے مخالفین کے پاس سوائے پروپیگنڈا کے کچھ نہیں تھا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں ترقی کے بعد نارووال میں جلد انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایاجائے گا جس کیلئے 3 سو ایکٹر اراضی خرید لی گئی ہے ،نارووال سے لاہورکا فاصلہ بذریعہ سٹرک مزید کم کرنے کیلئے چار رویہ سٹرک تعمیر کی جا رہی ہے جبکہ شہر کی دیگر سٹرکوں کی تعمیر بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ علاقے کی خدمت کر کے میں نے کوئی احسان نہیں کیا بلکہ حلقے کے عوام کا یہ مجھ پر قرض ہے جس کو میں اپنے اوپر سے اتار رہا ہوں ،حلقے کے عوام نے مشکل وقت میں بھی مسلم لیگ ن کا بھر پور ساتھ دیا ہے اور مجھے کامیاب کر وایا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے نشان امتیازملا ،میں سمجھتا ہوں کہ یہ اعزاز میری ذات کو نہیں ملا بلکہ میرے حلقے کے عوام کو یہ اعزاز ملا ہے کہ جنہوں نے ہر دور میں مجھے اپنی خدمت کرنے کا موقع دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں مسلح افواج نے انڈین جارحیت کا بھر پور منہ توڑ جواب دیا ،پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ،اس جنگ کو جیتنے کے بعد پاکستان کا پوری دنیا میں سر فخر سے بلند ہو گیا ، معرکہ حق میں کامیابی نے پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک بار پھر سرخرو کر دیا اور ہمارے اس دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا جس نے 30 سال لگا کر اپنے چہرے پہ ایک ریجنل سپر پاور ہونے کا میک اپ سجا رکھا تھا، ہماری بہادر مسلح افواج نے بھارت کو بھر پور جواب دے کر اس کا وہ سارا میک اپ چہرے سے اتار کر دنیا کو ثابت کر دیا کہ اس کی اصل حقیقت کیا ہے ، بھارت کے خلاف کامیابی ایک مدبر قیادت اور بہتر حکمت عملی رکھنے والے سپہ سالار کی بدولت ہو ئی ۔

انہوں نے کہا کہ بلا شبہ یہ ہمارے لیے بہت بڑی کامیابی ہے لیکن تاریخ یہ بتاتی ہے کہ سیاست میں اور جنگ کے میدان میں کوئی بھی کامیابی ہمیشہ نہیں رہتی جب تک اس کی پشت کے اوپرمعیشت کے استحکام کی دیوار کھڑی نہ کی جائے،ہم نے بلاشبہ معرکہ حق جیت لیا لیکن اب ایک نئے معرکہ کا آغاز ہو گیا ہے اور وہ معرکہ ترقی ہے جسے ہم نے جیتنا ہے جس کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنی ہے تاکہ ہم پاکستان کو دنیا کی کامیاب معیشتوں میں شامل کر سکیں ، اگر ہم نے معرکہ ترقی میں کامیابی حاصل نہ کی تو پھر جنگی اور دفاعی شعبے کے اندر کامیابی کو ہم بہت دیر تک قائم نہیں رکھ سکیں گے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں