اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا بیان حقیقت پر مبنی ہے، مریم نواز بات کا پتنگڑ بنانا چاہتی ہیں، انہوں نے تو کورونا ویکسین کو بھی دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیا، م ہو یا ش دونوں گروپس آگے جا کر اپنا اپنا بیانیہ دیں گے، اگلے تین چار ماہ میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، نواز شریف اور مریم نواز کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ہے، اپوزیشن کا 52 جلسوں کا شیڈول ان کیلئے نقصان کا باعث بنے گا۔
اتوار کو حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی لڑائی آج کی نہیں ہے، یہ دہائیوں کی لڑائی ہے، سیاست کیلئے ان کا چہرہ اور ہے جبکہ دل اور دماغ اور ہیں،
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے حمزہ شہباز کا بیان حقیقت پر مبنی ہے، مریم نواز بات کا پتنگڑ بنانا چاہتی ہیں، انہوں نے کورونا ویکسین کو بھی دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیا، آئندہ تین چار مہینوں میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، آگے جا کر ن لیگ کے دونوں گروپس الگ الگ بیانیہ دیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ن لیگ کے اندر اس وقت بیانیے کی جنگ ہے، نواز شریف ملک سے فرار ہو چکے ہیں اور فراری لندن میں برگر کھا کر بیان جاری کرتا ہے جبکہ دوسرا بھائی گھیرے سے نکلنے کیلئے راستہ تلاش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین کی پالیسیوں میں واضح تضاد موجود ہے، یہ منافق لوگ ہیں لیکن وقت آنے پر ایک ہو جاتے ہیں اور مطلب کے وقت گڈ کاک اور بیڈکاک کھیلتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف بدعنوانی کے سنگین مقدمات ہیں، اگر وہ ان کیسز سے بچ جاتے ہیں تو اس کے بعد ان کی سیاست کے بارے معلوم ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان کی صورتحال نے دنیا کی سیاست کا رخ موڑ دیا ہے اور پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے، اپوزیشن کو سیاست کیلئے اور وقت مل جائے گا اس وقت اپوزیشن کو چاہیے کہ قومی مفاد میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے۔ ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن نے جو 52 جلسوں کا شیڈول دیا ہے یہ انتخابی مہم پر نکلے ہوئے ہیں اور ان جلسوں سے نقصان ہی ان کا مقدر ہو گا۔