لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):صو با ئی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کی جانب سے بکتر بند گاڑی میں عدالت جانے سے انکار پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا رویہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز لگثرری گاڑی یا چارٹرڈ طیارے سے جانے کی خواہش میں شاید یہ بھول گئے کہ وہ اپنی ہیپی برتھ ڈے یا شالامار باغ کی سیر کو نہیں بلکہ کھربوں ڈالرز کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے سرٹیفائیڈ ملزم اور مجرم کی حیثیت سے عدالت پیشی پر آ رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ "رسی جل گئی پر بل نہیں گیا” کے مصداق حمزہ شہباز کے نخرے ختم نہیں ہوئے، موصوف دو سال سے وی وی آئی پی احتساب دیکھ رہے تھے، اب ایک عام مجرم کی طرح حقیقی احتساب کا مزہ چکھیں گے۔ شریف خاندان میں پھوٹ پڑنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کے خاندان دو دھڑوں میں تقسیم ہو چکے ہیں، شہباز شریف کے خاندان کے افراد کا جاتی عمرہ آنا جانا گزشتہ کئی مہینوں سے بند ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عباس شریف، نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان کے مامووں کے خاندانوں نے شہباز شریف فیملی کے خلاف ایکا کر لیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان گونگلوئوں سے مٹی جھاڑنے کے لیے شہباز شریف سے ایک دو روز میں جیل میں ملاقات کریں گی لیکن میری اطلاعات کے مطابق اس ملاقات کا حاصل وصول کچھ نہیں ہو گا۔